پاکستان کا مستقبل باکسنگ میں روشن ہے، ایک دن یہاں سے بھی مائیک ٹائسن جیسا چیمپئن آئے گا، عامر خان

لاہور: پاکستانی نژاد سابق برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا مستقبل نہایت روشن ہے اور آنے والے وقت میں ملک سے بھی محمد علی اور مائیک ٹائسن جیسے عظیم چیمپئن سامنے آئیں گے۔
جناح اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقدہ انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں برطانوی باکسر جیمز میٹکالف نے ڈبلیو بی اے ایشیا گولڈ مڈل ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میٹکالف نے ڈومینیکن ریپبلک کے باکسر جولیو ڈی جیسس کو تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے ٹائٹل جیتا۔
اسی ایونٹ میں ارجنٹائن کے باکسر البرٹو پلمیٹا نے ڈبلیو بی اے ایشیا ساؤتھ ویلٹر ویٹ ٹائٹل حاصل کیا۔ انہوں نے فلپائن کے باکسر جوفر منٹانو کو چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں :
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ لاہور آکر نہایت خوشی ہوئی۔ 15 ممالک کے کھلاڑیوں نے اس چیمپئن شپ میں حصہ لیا، جبکہ فینز، انتظامات اور سیکیورٹی سب مثالی تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس چیمپئن شپ سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کو تقویت ملے گی اور ملکی ٹورازم پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بےحد ٹیلنٹ موجود ہے، یہاں کے نوجوان شاندار باکسر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی نے بہترین سیکیورٹی اور شاندار انتظامات کر کے ایونٹ کو کامیاب بنایا۔











